نئی دہلی،12/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے لیے امید کے مطابق نتائج سامنے نہیں آنے پر پارٹی کے ترجمان راکیش سنہا نے کہا کہ بی جے پی انتخابی جیت کو خوشی سے قبول کرتی ہے اور ہارنے پر مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے۔بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن سنہا نے بتایاکہ بی جے پی جیت کو خوشی سے قبول کرتی ہے، جب ہم ہارتے ہیں تو مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔دہلی میں جو انتخابات کے نتائج آ ئے ہیں ہم ان کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔سنہا نے کہا کہ یہ نتائج ان پارٹیوں کے لئے ایک اشارہ ہے جو ہارنے پر ہار کا ٹھیکرا ی وی ایم پر پھوڑتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تصور کیجئے کہ اگر یہ رجحانات برعکس ہوتے تو الزام لگتا کہ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔بی جے پی ترجمان نے کہاکہ ایک قومی پارٹی کے لئے ہار اور جیت عام بات ہوتی ہے، جبکہ علاقائی پارٹیوں کیلئے انتخابی ہار جیت، پیدائشی موت کا سوال ہوتی ہے۔
قومی پارٹی ہونے کے ناطے پنچایت سے لے کر پارلیمنٹ تک کے تمام انتخابات میں ہمارے قومی صدر ایک کارکن کی طرح ہی محنت کرتے ہیں۔اس لئے اس کے نتائج سے ہمیں حوصلہ شکن ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ہم مل بیٹھ کر جائزہ لیں گے کہ ہمیں دہلی میں متوقع نتائج کیوں نہیں ملے۔